دنیا کی سب سے بڑی مساجد


By Muhammad Utban Abid 01/02/2024 03:13 PM ilmkidunya.com

مسجد جمکران

مسجد جمکران ایران کے شہر قم کے قریب واقع ایک گاؤں جمکران میں واقع ہے۔ یہ مسجد 984 عیسوی میں تعمیر کی گئی تھی اور اس کی گنجائش تقریباً 150,000 زائرین ہے۔ مسجد کا رقبہ 370,000 مربع میٹر ہے۔ یہ دنیا کی دس سب سے بڑی مساجد میں سے ایک ہے۔

تاج المساجد

تاج المساجد بھارت کے شہر بھوپال میں واقع ایک بڑی مسجد ہے۔ یہ مسجد 1901 میں نواب شاہ جہاں بیگم نے تعمیر کرائی تھی اور ان کی بیٹی سلطان جہاں بیگم نے اسے مکمل کیا تھا۔ یہ مسجد مغل طرزِ تعمیر کی ایک شاندار مثال ہے اور اس کی گنجائش تقریباً 175,000 زائرین ہے۔ تاج المساجد کا رقبہ 23,000 مربع میٹر ہے اور اس میں ایک وسیع صحن، بڑا ہال ہے۔

مسجد استقلال

انڈونیشیا کے دار الحکومت جکارتہ میں واقع مسجد استقلال ایک خوبصورت اور وسیع مسجد ہے۔ اسے انڈونیشیا کی آزادی کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا نام "استقلال" یعنی "آزادی" رکھا گیا۔ مسجد استقلال کی گنجائش 200,000 نمازیوں کی ہے۔ اس کا رقبہ 98,247 مربع میٹر ہے۔

آستانہ عظیم الشان مسجد

یہ قازقستان کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ مسجد میں 230,000 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس کا رقبہ 68,062 مربع میٹر ہے۔

فیصل مسجد

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع فیصل مسجد ایک خوبصورت اور وسیع مسجد ہے۔ یہ نہ صرف پاکستان کی سب سے بڑی مسجد ہے بلکہ 2017 تک جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد بھی تھی۔ اس کا منفرد طرزِ تعمیر اسے دنیا بھر میں مشہور بناتا ہے۔ مسجد کا سنگ بنیاد 1976 میں رکھا گیا تھا اور یہ سعودی بادشاہ شاہ فیصل بن عبدالعزیز کی مالی معاونت سے تعمیر کی گئی تھی، جن کے نام پر اس کا نام رکھا گیا۔

مسجد اقصٰی

مسجد اقصٰی صرف ایک عمارت نہیں، بلکہ مسلمانوں کے لیے اہم ترین مقدس مقامات میں سے ایک ہے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم معراج کے موقعے پر مسجد الحرام سے مسجد اقصٰی تشریف لائے تھے۔ مسلمانوں کے لیے یہ پہلی قبلہ اور تیسری مقدس ترین جگہ ہے۔ مسجد میں تقریباً 400,000 نمازیوں کی گنجائش ہے۔

گرینڈ جامع مسجد

گرینڈ جامع مسجد، بحریہ ٹاؤن کراچی، پاکستان میں زیر تعمیر ہے۔ ابھی یہ مسجد تعمیر کے ماحل میں ہے۔ اندازے کے مطابق یہ پاکستان کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسجد ہوگی۔ مسجد ایک وقت میں 800,000 نمازیوں کو ایڈجسٹ کرنے کے قابل ہوگی۔

مسجد نبوی

مسجد نبوی، جسے مسجد المدینہ بھی کہا جاتا ہے، دنیا کی دوسری سب سے بڑی مسجد اور اسلام کا دوسرا مقدس ترین مقام ہے۔ یہ مسجد سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں واقع ہے۔ مسجد نبوی میں 1,500,000 سے بھی زیادہ نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد نبوی کی گنجائش کو مزید بڑھانے کے لیے مستقبل میں بھی منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔

مسجد الحرام

مسجد الحرام دنیا کی سب سے مقدس اور اہم مسجد ہے۔ یہ مسجد مکہ مکرمہ، سعودی عرب میں واقع ہے۔ مسجد الحرام میں تقریباً 40 لاکھ نمازی ایک ساتھ نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مسجد الحرام کا رقبہ 356,000 مربع میٹر ہے۔ اس مسجد کی تعمیر حضرت ابراہیم علیہ السلام اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام نے کی تھی۔

مشہور مسلمان سائنسدان اور ان کی ایجادات